اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ جب پارٹی میں بات نہیں سنی جاتی تھی تو اخبار میں کالم لکھ کر اپنے خیالات کا اظہار کرتا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار پی ٹی آئی میں شامل ہوگے۔ اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیش کمار نے خان صاحب اور پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے مسائل پر ہمیشہ آواز اٹھائی۔ جب ن لیگ میں تھا تب بھی اصولوں کی سیاست کی، تحفظات کو ہمیشہ پارٹی میں اٹھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے نجکاری کے خلاف بھی آواز اٹھائی، نیب کو غیر فعال کرنے کے بیان سے دکھ ہوا۔ عدالت کے خلاف ایسی زبان استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ آج بھی چوہدری نثار کی قدر کرتا ہوں، وہ بھی کہتے تھے کہ میرے جیسے شخص کی پارٹی میں قدر نہیں۔ ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔ یہ قائد کا پاکستان نہیں۔