لاہور :معروف ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب نے اپنے صارفین کو بڑا جھٹکا دے دیا۔ کمپنی نے صارفین کیلئے اشتہارات کے حصول کیلئے نئی شرط رکھنے کا اعلان کر دیا جس کے مطابق کسی بھی چینل کے پاس کم از کم 10 ہزار ویوز ہونا ضروری ہے جس کے بعد ہی اس چینل کو یوٹیوب کی جانب سے اشتہار دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیوب دنیا کا سب سے بڑا ویڈیو پلیٹ فارم ہے جہاں کوئی بھی شخص ویڈیوز کے ذریعے پیسے کما سکتا ہے ، تاہم نئے فیصلے نے صارفین کیلئے نئی پریشانی کھڑی کر دی ہے ۔ یہ فیصلہ چوری شدہ مواد اور دیگر تخلیق کاروں کا مواد اپنے نام سے چلانے کی شکایات میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔
یوٹیوب انتظامیہ پراعتماد ہے کہ نئی پالیسی کے تحت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے سدباب میں مدد ملے گی اور اگر سب کچھ درست طریقے سے ہوا تو فوراً اشتہار حاصل کرنے کی سہولت بھی بحال کر دی جائے گی۔کے ساتھ ہی یوٹیوب نے نئے صارفین کی حوصلہ افزائی کیلئے نیا پروگرام بھی شروع کیا ہے جس میں ویڈیو مواد تخلیق کرنے اور چینل کیلئے 10 ہزار ویوز حاصل کرنے سے متعلق رہنمائی کی جاتی ہے۔
یادر ہے کہ یوٹیوب پارٹنر پروگرام 2007ءمیں متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت یوٹیوب پر ویڈیو مواد تخلیق کرنے والے افراد چینل بنا کر اپنی ویڈیوز کے ذریعے فوری پیسے کمانا شروع کر دیتے تھے۔