نیشنل ایوارڈ کا سہرا اکشے کمار کے سر سج گیا

04:48 PM, 7 Apr, 2017

ممبئی: بالی ووڈ میں مختلف قسم کے ایوارڈز کی تقریبات ہوتی ہیں جس میں بہترین کارکردگی کے حامل اداکاروں اور فلموں کو مختلف کیٹگریز میں ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے ان ہی ایوارڈز میں سے ایک نیشنل ایوارڈ بھی ہے ۔یہ بھارتی فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے ۔حال ہی میں منعقد ہونے والی اس ایوارڈ تقریب میں بھارتی اداکار اکشے کمار نے بہترین اداکار اور’ نیرجا ‘نے بہترین فلم کے لیے نیشنل ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

معروف اداکار اکشے کمار نے فلم رستم کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا جب کہ سونم کپور کی فلم ’نیرجا‘ کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔امیتابھ بچن کی فلم ’پنک‘ کو سماجی مسائل اجاگر کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ اجے دیوگن کی فلم ’شیوے‘ کو اسپیشل ایفیکٹس کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کو فلم ”پیکو“ اوراداکارہ کنگنا رناوت کو فلم ”تنو ویڈز منو ریٹرن“ میں بہترین اداکاری پر”نیشنل فلم ایوارڈز“ سے نوازا گیا تھا۔

مزیدخبریں