لڑکیوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے والوں کے لیے شکنجہ تیار

10:33 AM, 7 Apr, 2017

نیویارک:بالخصوص فیس بک کا منفی استعمال بہت عام ہو رہا ہے۔ ایسے  صارفین کی کمی نہیں جو لڑکیوں کی تصاویر فیس بک پر پوسٹ کرکے انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔

کچھ لوگ کسی سے بدلہ لینے کے لیے اس کی قابل اعتراض تصاویر فیس بک ڈال دیتے ہیں۔ صارفین، بالخصوص لڑکیوں کو فیس بک پر کسی ایسے فیچر کا شدت سے انتظار تھا جس کے ذریعے ایسے بدطینت لوگوں کو آسانی سے پکڑا جا سکے۔

اب یہ انتظار تمام ہو گیا ہے کیونکہ فیس بک نے ’فوٹو میچنگ ٹیکنالوجی‘ متعارف کروا دی ہے جس کے ذریعے لڑکیوں کی تصاویر پوسٹ کرنے والوں کو چند منٹوں میں پکڑا جا سکے گا۔

میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق فیس بک نے یہ سہولت ’انتقامی فحش مواد‘ کو پوسٹ کیے جانے سے روکنے کے لیے متعارف کروائی ہے۔ جب کوئی صارف اپنی کسی تصویر کا غلط استعمال دیکھے گا تو وہ اسے رپورٹ کر دے گا۔

فیس بک کے تربیت یافتہ نمائندے اس کا جائزہ لے کر اس تصویر کو ویب سائٹ سے ہٹا دیں گے اور پھر یہ نئی سہولت’فوٹومیچنگ ٹیکنالوجی‘ اس تصویر کو دوبارہ پوسٹ ہونے سے روکے گی۔

یہ صرف فیس بک پر ہی نہیں بلکہ میسینجر اور انسٹاگرام پر بھی وہ تصویر دوبارہ پوسٹ نہیں ہونے دے گی۔

فیس بک کے گلوبل سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ انٹیگونی ڈیویس کا کہنا تھا کہ ”ہم نے یہ سہولت ان لوگوں کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر متعارف کروائی ہے جن کی قابل اعتراض تصاویر ’انتقام‘ کے طور پر فیس بک پر پوسٹ کی جاتی ہیں۔اس ٹیکنالوجی کے آنے کے بعد اب کوئی صارف ایک بار اپنی کسی تصویر کو رپورٹ کر دے گا تو آئندہ وہ تصویر فیس بک، میسینجر اور انسٹاگرام پر پوسٹ نہیں کی جا سکے گی۔“

مزیدخبریں