کراچی: ساحر لودھی زندگی کا سب سے بڑے صدمے سے دوچارہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق ساحر لودھی کی پہلی فلم ’’راستہ‘‘ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوگئی جس کے بعد سنیما مالکان فلم کو پردے سے ہٹانے کا سوچنے لگے۔
مارننگ شو کے میزبان ساحر لودھی نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور خود ہی فلم پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کیا، یہی نہیں فلم کی ہدایتکاری اور مرکزی کردار میں بھی خود نظر آئے لیکن ساحر لودھی فلم بینوں کو اپنی اداکاری سے متاثر کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔
ساحر لودھی کی فلم ’’راستہ‘‘ باکس آفس پر کامیابی کا کوئی راستہ نہ بنا سکی اور بری طرح فلاپ ہوگئی ہے جب کہ فلم باکس آفس پر 5 روز میں صرف 23 لاکھ ہی کما سکی ہے جس پر سنیما مالکان بھی فلم بینوں کی عدم دلچسپی پر فلم کو پردے سے ہٹانے پر غور کررہے ہیں۔
دوسری جانب فلم ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ ساحر لودھی کی فلم دیکھنے کے لیے کوئی سنیما گھروں کا رخ نہیں کررہا جس کے باعث مالی خسارے کا سامنا ہے ۔ فلم بین ’’راستہ‘‘ کی کمزور پروڈکشن، اسکرپٹ، اداکاری اور بے جان ڈائیلاگ کو ناکامی کا سبب بتا رہے ہیں جب کہ ڈسٹری بیوٹرز نے فلم کے مالکانہ حقوق خریدنے کو اپنی سنگین غلطی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’’راستہ‘‘ میں ساحر لودھی نے اسکرپٹ رائٹنگ، ہدایتکاری اور اداکاری کے فرائض سر انجام دیئے ہیں تاہم فلم اپنے بجٹ کا 20 فیصد بھی کمانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے.