کار ساز حادثہ: فریقین میں معاملات طے پاگئے

11:25 AM, 6 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی:کراچی میں ہونے والے کار ساز کیس میں فریقین میں معاملات طے پاگئے۔ ذرائع کاکہنا ہےکہ جاں بحق عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثا کی جانب سے حلف نامہ تیار کروالیا گیا حلف نامے ملزمہ نتاشا کی درخواست ضمانت کی سماعت میں پیش کیے جائیں گے۔


ذرائع  کے مطابق  نتاشہ کے اہلخانہ نے آمنہ کے اہلخانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر رقم ادا کر دی، رقم کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی جبکہ آمنہ کے کسی رشتے دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دی جائے گی۔


رپورٹ کے مطابق حلف نامے کی کاپی کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین نے کہا ہے کہ ہمارے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، ہم نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے، ہم نے اللہ کے نام پر معاف کیا ہے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔حلف نامے ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت میں پیش کیے جائیں گے، ورثا کی جانب سے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جمع کروایا جائے گا۔


یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

مزیدخبریں