جنگ ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یکجہتی کا جذبہ ہماری مسلح افواج اور قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہے : آرمی چیف

10:44 AM, 6 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 6ستمبرکا دن تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے تھے۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے مقدم ہیں، شہداء اور ان کے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں۔دہشتگردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے افواج نے قابو کیا، فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے۔

آرمی چیف نے مزید   کہا کہ وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے، عہد کریں کہ اختلافات بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

59 ویں یوم دفاع و شہدا کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج کے پیغام میں کہاگیا ہے کہ  آج ہم 1965 کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخر کے ساتھ یاد کر رہے ہیں، جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیرمتزلزل جذبے کی مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 59 سال قبل افواج پاکستان نے فیصلہ کن طور پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ایسی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ کیلئے لکھی جائے گی۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 1965 کی جنگ امید کی کرن تھی، جس نے مصیبت کے وقت قوم کی لچک اور عزم کی مثال دیکھی۔

مزیدخبریں