واشنگٹن: امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی امریکیوں کو ان کے وطن جانے کے لیے ویزا دینے سے انکار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے امریکی سفارت خانے نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سفارتخانہ پاکستانی نژاد امریکیوں کے لیے ویزا مسترد ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتا ہے۔ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، یہ ایک غلط اور بے بنیاد معلومات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ پاکستانی نژاد امریکیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے ویزا امداد کی پیشکش کرتا رہتا ہے۔
واشنگٹن میں نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل سے پریس بریفنگ کے دوران پاکستانی نژاد امریکیوں کے وطن جانے کے لیے ویزے مسترد کیے جانے کے حوالے سے سوال اٹھایا گیا تھا۔ جس پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکیوں کو ویزہ نہ دینے یا درخواست مسترد کرنے میں کوئی صداقت نہیں، یہ بات سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکیوں و دیگر اوورسیزپاکستانیوں کے اپنے مادر وطن دورے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ درخواست گزاروں کو ویزوں سمیت ہر ممکن قونصلر مدد فراہم کرتا رہتا ہے۔