راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور ملک کی مسلح افواج نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہدا، ان کے اہل خانہ اور سابق فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965 کو ایک بار پھر یہ ظاہر ہوا کہ ایک چھوٹی لیکن صالح قوت نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ایمان کے ساتھ عددی لحاظ سے بڑے دشمن پر قابو پالیا۔ انہوں نے کہا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چھ ستمبر کو مادرِ وطن کے ہزاروں بیٹوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاک سرزمین کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہم بطور قوم جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے چھ ستمبر کے شہداء کی یاد میں نغمہ 'قربان ہوئے' بھی جاری کیاہے۔