کراچی: بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے والے گینگ کے 2 مبینہ ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے، ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عزیز آباد پولیس کے مطابق ملینیم شاپنگ مال کے قریب پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم ایک اور ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 21 سالہ جاسم اور 25 سالہ یٰسین کے نام سے ہوئی ہے ۔ہلاک اور زخمی ڈلکوؤں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول، ایک لیپ ٹاپ، ایک سوک کار برآمد ہوا ہے ۔ملزم جاسم کے خلاف گل برگ، گلستان جوہر، جوہر آباد، ملیر کینٹ، ناظم آباد اور شاہراہ نور جہاں تھانوں میں مقدمات درج تھے، جن میں سے اس نے 5 مقدمات میں ضمانت حاصل کرلی تھی اور چھٹے مقدمے میں باعزت بری کیا گیا تھا۔
دوسری جانب مبینہ ٹاؤن پولیس نے بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔