آسمان پر تھوک کر اپنا منہ گندا کرنے والے اب یوم دفاع کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں: مریم اورنگزیب

03:35 PM, 6 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آسمان پر تھوک کر اپنا منہ گندا کرنے والے اب اپنے ناکام اور فوج دشمن ایجنڈے سے یوم دفاع کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پی ٹی آئی رہنماءفواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ’آسمان پہ تھوک کر اپنا منہ گندا کرنے والے اب اپنے ناکام اور فوج دشمن ایجنڈے کو یوم دفاع کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔ جوان اپنی قیادت پر فخر کرتے ہیں۔ ہنستے وہ اس پر ہیں جس نے خود اپنی تذلیل کا بندوبست کیا ہوا ہے اور اپنے مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دیتا ہے۔‘ 


واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ 6 ستمبر کی پریڈ منسوخ کر کے اچھا فیصلہ کیا، ورنہ جوانوں کو ہنسنے سے روکنا اور نہ رکنے پر کوہسار بھیجنا ذرا مشکل کام تھا۔


ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور لکھا ’وطن کے سجیلے جوانوں۔۔۔ تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں۔‘ 

واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاع قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ 
مساجد میں فوج کے شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہو گی۔ 
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جی ایچ کیو میں منعقد کی جانے والی 6 ستمبر کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں