لندن: سابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ نظام زندگی کے بحران سے نمٹنے کے لیے لزٹرس کے پاس درست منصوبہ بندی موجود ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل مستعفیٰ ہونے والے برطانیہ کے سابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں نئی وزیراعظم لزٹرس کو فیصلہ کُن جیت پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ لزٹرس قومی اتحاد و ملکی ترقی کے عظیم کام جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے پارٹی ارکان کو کہا کہ تمام ارکان لزٹرس کا 100 فیصد ساتھ دیں ۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی نے لِز ٹرس کو نیا قائد منتخب کر لیا ہے ۔ نومنتخب وزیراعظم لِز ٹرس کو 81 ہزار 326 ووٹ ملے جبکہ ان کے حریف رشی سونک کو 60 ہزار 399 ووٹ ملے ۔ وزیر خارجہ رہنے والی لز ٹرس کنزرویٹو کی چوتھی اور برطانیہ کی تیسری خاتون وزیراعظم بنی ہیں ۔
نتائج کے اعلان کے بعد لز ٹرس نے کہا کہ وہ جلد ہی برطانیہ کی معیشت کو بہتر کریں گی ، اس کے علاوہ توانائی کے بحران ، عوام کے بجلی کے بلوں کے حوالے سے بھی کام کریں گی ۔ لز ٹروس ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گی ۔