اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے مزید 2 ہفتے کی مہلت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی کے وکیل خاور شاہ نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ہم نے 4 ہفتے کی مہلت مانگی تھی، پی ٹی آئی غیرملکی چیپٹرز سے معلومات مانگی ہے اسے موصول ہونے میں وقت لگے گا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دو ہفتے تو گزر گئے ہیں جبکہ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے ہی اس کیس کی سماعت 8 سال چلی تھی جس پر وکیل شاہ خاور کا کہنا تھا کہ معلومات بہت اہم ہیں، جو پاکستانی ڈونرز ہیں ان کے نائیکاپ اور دیگر دستاویزات منگوائی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو مزید 2 ہفتے کی مہلت دیدی اور چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ اپنے جواب پہلے جمع کرا دیں تاکہ اگلی سماعت پر دلائل شروع ہو سکیں اور اس کیساتھ ہی کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔