کراچی: یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تفصیلات کے مطابق تبدیلی گارڈز کی تقریب میں پاک فضائیہ کے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس شامل تھیں جبکہ ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاع قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
مساجد میں فوج کے شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہو گی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جی ایچ کیو میں منعقد کی جانے والی 6 ستمبر کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔