سینیٹر لنزے گراہم نے امریکی افواج کی افغانستان واپسی کا امکان ظاہرکر دیا

10:00 PM, 6 Sep, 2021

واشنگٹن: امریکا کے ری پبلکن سینیٹر لنزے گراہم نے امریکی افواج کی مستقبل قریب میں افغانستان واپسی کا امکان ظاہرکر دیا ہے۔

امریکی جریدے دی ویک کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سینیٹر لنزے گراہم نے کہا کہ جس طرح عراق اور شام میں امریکی افواج کو واپس جانا پڑا تھا بالکل اسی طرح افغانستان میں بھی واپس جانا پڑے گا۔

سینیٹر لنزے گراہم نے اپنے مؤقف کے حوالے سے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر امریکی افواج کو واپس افغانستان جانا ہو گا۔ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے الزام عائد کیا ہے کہ طالبان القاعدہ کو محفوظ مقامات مہیا کریں گے۔

خیال رہے کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے تین ماہ قبل کہا تھا کہ افغانستان سے انخلا میں پاکستان کو نظر انداز کرنا بڑی تباہی ہے۔

سینیٹر لنزے گراہم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ حیرت ہے امریکی صدر جوبائیڈن نے اب تک وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے رابطہ نہیں کیا۔

امریکی سینیٹر کا مؤقف تھا کہ امریکی صدر کا پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان پر پاکستان سے رابطہ ضروری ہے۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ جوبائیڈن انتظامیہ سمجھتی ہے افغانستان میں مسائل نظر انداز کیے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں