کراچی : قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے عہدے چھوڑنے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کو سن گن مل گئی تھی کہ خود نہیں ہٹے تو ان کو ہٹا دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں تبدیلی کی باز گشت تھی ایسے میں مصباح صبح سویرے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملے، وسیم خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز میں آرام کرلیں اس دوران مصباح الحق اور وسیم خان کے درمیان بحث ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ مصباح الحق نیوزی لینڈ سیریز میں کوچنگ کے خواہش مند تھے اور ان کو ٹیم سلیکشن پر بھی تحفظات تھے، وہ اعظم خان کی ٹیم میں شمولیت کے سخت خلاف تھے۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وقار یونس سے استعفیٰ طلب کیا۔
واضح رہےکہ مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
اب ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔