اسلام آباد : پاکستان چھوڑ کر دبئی منتقل ہونے والا پاکستانی شہری 25 ملین ڈالرز کی خطیر سرمایہ کاری پاکستان لے آیا۔
42 سال بعد عالمی شہرت یافتہ ہلٹن ہوٹلز کی پاکستان میں واپسی ہو گئی اور اوورسیز پاکستانی تاجر ممتاز مسلم 25 ملین ڈالرز کی خطیر سرمایہ کاری لے آئے۔ تاجر نے بتایا کہ 2004 میں کراچی کے خراب حالات کے باعث پاکستان چھوڑا تھا کیونکہ گھر کے باہر سے بوری بند لاش ملی تو خاندان سمیت بیرون ملک منتقل ہو گیا تھا۔
ممتاز مسلم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت بننے پر پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا اور عالمی برانڈ سے ملکر 25 ملین ڈالرز پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہوں اور عمران خان نے اعتماد دیا جس کے بعد اب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کروں گا۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے نتھیا گلی بین الاقوامی ہوٹل کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم اتنے بڑے اثاثے سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ حکومت کا کام عوام کی بہتری ہوتی ہے اور ملکی ترقی کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔