لندن: برطانیہ کی مشہور گلوکارہ سارہ ہارڈنگ کا انتقال ہو گیا ہے۔ آنجہانی کچھ عرصہ سے چھاتی کے سرطان جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں جو ان کیلئے جان لیوا ثابت ہوا۔ شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے سارہ ہارڈنگ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سارہ ہارڈنگ کی عمر محض 39 سال تھی۔ انھیں گزشتہ سال اگست میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان کا علاج معالجہ جاری تھا تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کینسر آنجہانی گلوکارہ کے جسم میں سرایت کر چکا ہے، اس لئے ان کے بچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ سارہ ہارڈنگ کی والدہ نے اپنی صاحبزادی کی موت کی خبر شئیر کرتے ہوئے انھیں خوبصورت انسان قرار دیا۔
رواں سال کے آغاز میں ہی سارہ ہارڈنگ کے علاج پر مامور ڈاکٹروں نے ان کے اہلخانہ کو واضح کر دیا تھا کہ وہ کچھ مہینوں کی ہی مہمان ہیں، ہو سکتا ہے کہ وہ آئندہ کرسمس کو اپنی فیملی کے ہمراہ گزار نہ پائیں۔
سارہ ہارڈنگ کی ساتھی گلوکاراؤں نیکولا رابرٹس اور نیڈائن کائل نے آنجہانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ ہمیں یہ دن بھی دیکھنا پڑے گا۔ ہم تینوں نے بہت اچھا وقت گزارا۔ ان گزرے دنوں کی یادیں ابھی تک ہمارے ذہنوں میں تازہ ہیں، جنھیں بھلانا ہمارے لئے ناممکن ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں سارہ ہارڈنگ نے کہا تھا کہ میں اس دنیا میں اب کچھ عرصے کی مہمان ہوں، ڈاکٹروں نے مجھے بتا دیا ہے کہ میں شاید آئندہ کرسمس کی خوشیاں نہ دیکھ سکوں۔ آنجہانی گلوکارہ نے کہا تھا کہ وہ اس درد سے اب نجات اور سکون چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ 2019ء کے آخری دنوں میں میری بازو کے نیچے ایک گلٹی نمودار ہوئی، جسے ڈاکٹروں کو چیک کرایا گیا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے میں اپنا صحیح طریقے سے علاج نہیں کرا سکی۔ اس عالمی وبا نے سب کچھ بند کر دیا تھا۔