کراچی: پاک فضائیہ کی جانب سے کراچی میں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں بانی پاکستان کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزارِقائد پر چارج سنبھال لیے ۔ پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کُل 44 کیڈٹس دستے میں شامل ہیں ۔ دستے میں 4 خواتین اور 40 جوان شامل ہیں ۔
مہمان خصوصی ایئر مارشل قیصر خان جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ کیا ۔ مہمان خصوصی نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ ایئر مارشل قیصر خان جنجوعہ نے مہمانوں کی کتابوں میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ۔
دوسری جانب نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر یوم دفاع کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔
پاک بحریہ کے آفیسرز ، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز کے ساتھ ساتھ شہداء کی فیملیز بھی تقریب میں شریک ہوئیں ۔ تقریب میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے گئے ، ملکی استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ اس کے علاوہ نیول چیف نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور پھول پیش کیے ۔