بھارت کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا پڑے گا: وزیراعظم عمران خان  

09:29 AM, 6 Sep, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے سپاہی، افسر، پائلٹس اور سیلرز بہادری کے ساتھ لڑے ہیں، انہوں نے کبھی اپنی جانوں کی پروا نہیں کی اور قربانیاں دے کر سرحدوں کا دفاع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھارت خطے میں خاص طور پر پاکستان کے حوالے سے امن کو نقصان پہنچانے کی اپنی کوشش پر عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی فعال سفارتکاری کے باعث عالمی برادری اب اس بات پر قائل ہو چکی ہے کہ پورے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم اور غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم وستم کا اب خاتمہ ہو جانا چاہیے۔

انہوں نے یوم دفاع اور شہدا پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہادر پاکستانی قوم اپنی خود مختاری، سلامتی اور جغرافیائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریگی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی یوم دفاع پر اپنا خصوصی پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائے میں ہونے والے واقعات سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔ ہم امن کو برقرار رکھنے اور اسے نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے دشمن کی خفیہ کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے سیکیورٹی ایجنسیوں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مسئلے پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

مزیدخبریں