پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ  

09:16 AM, 6 Sep, 2021

اسلام آباد: پاکستان اور مغربی ایشیا کے ممالک بحرین، اردن، کویت، سعودی عرب، ترکی، یو اے ای اور خطہ کے دیگر ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ جولائی میں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات میں کمی جبکہ خطہ کے ممالک سے درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں مغربی ایشیا کے ممالک بحرین، اردن، کویت، سعودی عرب، ترکی ، یواے ای اورخطہ کے دیگرممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 218.20 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14.17 فیصدکم ہے، گزشتہ سال جولائی میں خطہ کے ممالک کو249.13 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

مالی سال 2021 میں خطہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کا حجم 2.90 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے ماہ میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات میں 54.50 فیصدکی بڑھوتری ہوئی ہے۔

جولائی 2021 میں خطہ کے ممالک سے 1.227 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی ہیں، گزشتہ سال جولائی میں خطہ کے ممالک سے درآمدات کاحجم 774.78 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال 2021 میں خطہ کے ممالک سے مجموعی طورپر13.55 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

مزیدخبریں