یوم دفاع جرات، بہادری، حب الوطنی کی علامت ہے: صدر مملکت

Defense Day is a symbol of courage, bravery, devotion to patriotism: President Arif Alvi

اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کو ہمارا یوم دفاع و شہداء، ہماری تاریخ میں اُس جُرات و بہادری،حب الوطنی اور فرض سے لگن کی علامت ہے جس کا مظاہرہ ہماری بہادر قوم اور افواج نے کیا تھا۔اتوار کو یوم دفاع پاکستان پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن 56 برس قبل، افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے اپنی بے مثال جراتمندی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔ پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی افواج نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی ۔

صدرمملکت نے کہا کہ میں ان تمام افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دفاع ِ وطن کی خاطر جرات و بہادری کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ میں شہداء کے خاندانوں کو بھی ان کے حوصلے اور صبر و استقامت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں نے ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا ہے اور قوم کو ان کی صلاحیتوں اور جنگی تیاریوں پر اعتماد ہے ۔ ہماری مسلح افواج اور سیکورٹی ادارے ملک کی داخلی سلامتی میں فعال کردار ادا کررہے ہیں اور انہوں نے دہشت گرد عناصر کو شکست دے کر ہمیں امن فراہم کیا۔

ہماری افواج زلزلوں ، سیلاب اور دوسری قدرتی آفات میں بھی اپنا کردار ادا کررہی ہیں اور اقوام متحدہ کے پرچم تلےعالمی امن برقرار رکھنے میں بھی تعاون کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جذبہ ستمبر کسی بھی آزمائش کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے میں ہماری مدد کرتا رہے گا۔ آج ہم ہمارے خلاف چھیڑی گئی ہائبرڈ وار سے بخوبی نمٹ رہے ہیں۔ دشمن کے خفیہ عزائم کو بے نقاب کرنے کیلئے کی جانے والی انتھک کوششوں پر سیکورٹی ادارے لائق تحسین ہیں۔ میں عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ایسی کھلی جارحیت کی مذمت کرے ۔

پاکستان اپنے ارد گرد ہونے والی تمام تبدیلیوں سے پوری طرح سے آگاہ ہے۔ ہم امن کیلئے پر عزم ہیں اور امن خراب کرنے کے ہر منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں۔ یہ بہادر قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ ہم بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدرمملکت نے قو م سے کہا کہ آئیے ایک مرتبہ پھر ہم مادرِ وطن پر اپنی جان قربان کرنے والے ہیروز کو سلام پیش کریں اور اس عزم کا بھی اعادہ کریں کہ ہم جذبہ ستمبر کو اپنے دلوں میں زندہ رکھتے ہوئے قوم کے خوشحال مستقبل کی خاطر پاکستان کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔