کراچی: پاکستان کے مشہور کامیڈین عمر شریف کے انتقال کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے اہلخانہ نے سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل خیریت ہیں۔ صارفین کو بغیر تصدیق کے ایسی نیوز کو آگے نہیں پھیلانا چاہیے۔
خیال رہے کہ سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹس جن کیں فیس بک، یوٹیوب اور ٹویٹر سرفہرست ہیں، ان پر یہ جعلی خبریں اور ویڈیوز چلنا شروع ہو گئی تھیں کہ لیجنڈ کامیڈین کا انتقال ہو گیا ہے۔
ان سوشل میڈیا پوسٹس میں ناصرف عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا بلکہ پاکستانیوں سے درخواست کی گئی کہ مرحوم کی مغفرت کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
RIP the Legend #umarsharif
— Hammad's Views (@Apne2014) September 4, 2021
ان خبروں کے سامنے آتے ہی لوگوں نے بغیر تصدیق کئے انھیں آگے پھیلانا شروع کر دیا، جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ پوسٹس وائرل ہو گئیں۔
جس شخص نے بھی سوشل میڈیا پر یہ خبر پڑھی اس پر کمنٹس کرکے افسوس کا اظہار کیا اور اپنی پوسٹ پر شیئر کردیا۔ فیس بک کے ساتھ ساتھ یہی حال ٹویٹر صارفین کا بھی رہا، وہاں بھی دھڑا دھڑ اس افواہ اور جعلی خبر کو شیئر کیا جاتا رہا۔
Why can't ppl wait for any sort of confirmation before tweeting death news of a any celebrity. Kis cheez ki jildi hai??? Fav & RTs ke liye kuch bhi !!!#UmarSharif
— Salman (@SalmanJpt) September 4, 2021
بعد ازاں عمر شریف کے اہلخانہ نے ان جھوٹی خبروں پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کیسے بغیر تصدیق کئے ایسی باتیں آگے پھیلانا شروع کر دیتے ہیں۔ لوگوں کے اس رویے سے ہمیں شدید دکھ پہنچا ہے۔
عمر شریف کے صاحبزادے جاوید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش خبریں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ دن قبل کامیڈٰن عمر شریف کی ایک فوٹو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ بیماری کی حالت میں ایک ویل چیئر پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
اس فوٹو کو ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کرتے ہوئے عمر شریف کی صحتیابی کیلئے دعاؤں کی درخواست کی گئی تھی۔ عمر شریف کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ یہ تصویر کچھ عرصہ قبل لی گئی تھی جب انھیں خرابی صحت کی وجہ سے ہسپتال لے کر جانا پڑا تھا۔