واشنگٹن: امریکی سائنسدانوں نے سالوں کی محنت سے ایک ایسی جدید ٹی شرٹ تیار کی ہے جس کی مدد سے دل کی دھڑکن کو مانیٹر کیا جا سکے گا۔
یہ کارنامہ امریکا کی رائس یونیورسٹی سے وابستہ سائنسدانوں نے سرانجام دیا ہے۔ اس اہم ٹی شرٹ کی تیاری میں دیگر جامعات کے محققین بھی شامل تھے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس جدید قسم کی ٹی شرٹ کو تیار کرنے کیلئے نینو فائبر کا استعمال کیا جبکہ اس کی تیاری میں تقریباً دو سال کا عرصہ لگا۔
سائنسدانوں نے کہا کہ انسانی دل کی دھڑکن کو مانیٹر کرنے والی اس شرٹ میں لکچدار کاربن کے ریشے لئے گئے جو انتہائی باریک ہیں۔ انھیں آپس میں لپیٹ کر یکجان کیا گیا۔
ان کاربن ریشوں کو بعد ازاں دھاگوں سے جوڑ کر جدید قسم کا کپڑا تیار کیا گیا۔ محققین کا کہنا ہے کہ یہ ٹی شرٹ بجلی کی موصل ہے جس میں مختلف سینسرز بھی لگائے گئے ہیں۔ اس شرٹ کو عام لباس کی طرح پہن سکتے ہیں۔
اس ٹی شرٹ سے دل کی دھڑکن کا کئی گھنٹوں کا ریکارڈ بھی رکھا جا سکتا ہے۔ سائنسدان اس جدید ٹی شرٹ کو میڈیکل تاریخ کا ایک اہم کارنامہ قرار دے رہے ہیں۔