اسلام آباد : نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یوم دفاع کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، یہ دن ہمیں پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔
یہ دن ہمارے شہدا اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے جو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہازوں نے آپریشن سومناتھ کے دوران بے مثال بہادری سے دوارکا میں قائم بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بحر ہند میں اپنا تسلط قائم رکھتے ہوئے بھارتی بحری جنگی بیڑے کو بندرگاہ تک ہی مقید رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔