ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک بھارت امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، مسئلے کے حل میں کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی ۔
وفاقی وزیر نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج کے دن کو پاک فوج کے شہدا اور کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اوروطن عزیز کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ 72 سالوں سے کشمیریوں کے ساتھ بربریت کررہا ہے لیکن اب فیصلے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی سازش ہے کہ وہاں پیسہ لگائے اور کشمیریوں کو ویزوں کا لالچ دے لیکن کشمیری سوائے آزادی کے کچھ نہیں چاہتے ہیں۔
انہوں نے بھارتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے معاملے کو چھیڑ کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قومیں تباہ ہوتی ہیں لیکن پھر کھڑی ہوجاتی ہیں مگر اس کے لیے شرط یہی ہے کہ ان میں جذبہ زندہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ وقت آنے پر پاکستان کے جھنڈے تلے اپنی جان دینے میں فخر محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی خاطر جان دینے والے شہدا پر فخر کرتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ٹرین کراچی سے کشمیریوں کو لے کر چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کو سندھ ایکسپریس کا تحفہ دیا ہے اور ٹرین کے مسافروں میں 80 لاکھ کا اضافہ کیا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 22/24 کروڑ مسلمانوں کو ہندوستان میں دوسرے درجے کا شہری بنادیا گیا ہے۔