اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم دشمن کو بھرپور رد عمل دینے کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنی سلامتی اور خودمختاری پر سمجھوتہ بھی نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب اور بھرپور رد عمل دینے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا سورج ہمارے قومی ولولوں کی یادتازہ کرنے کے عہد کی تجدید ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ 54 سال پہلے ہماری بہادر افواج نے پوری قوم کے شانہ بشانہ دشمن کےعزائم کو ناکام بنایا کیونکہ ہماری بہادر مسلح افواج جدت کے ساتھ، ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں۔
صدر مملکت نے مسلح افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی اندرونی چیلنج اور بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
صدر مملکت کا اس موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلا کر رہیں گے کیونکہ ہم پُر امن قوم ہیں اور قیام امن کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاعِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی۔