لاہور: ملک بھر میں حسب روایات یوم دفاعِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔قوم اس بار یوم دفاع و شہداء کے سنگ یوم یکجہتی کشمیر بھی " کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرہ مستانہ کے ساتھ منائے گی۔ وزیراعظم عمران خان مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔
شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب جاری ہے۔
یومِ دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوئی جب کہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔
یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے پاکستانی عوام کو یوم دفاع پر شہدا کے خاندانوں کے پاس جانے اور شکریہ ادا کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستے میں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ائیر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی ائیر وائس مارشل حامد رشید تھے۔
وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن تین بجے کے بعد بند کر دیے جائیں گے۔ ملازمین یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر جائیں گے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دیں گے۔
مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سمینار منعقد ہوں گے۔