امریکا بھارت کے عالمی طاقت کے طورپر ابھرنے کی مکمل حمایت کرتاہے،امریکی وزیر خارجہ

05:49 PM, 6 Sep, 2018

نئی دہلی :بھارت اورامریکاکے درمیان اہم فوجی معاہدے پردستخط ہو گئےجس کے تحت بھارت اہم امریکی دفاعی ٹیکنالوجی حاصل کرسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت، امریکا وزرائے دفاع کی ملاقات میں اہم فوجی معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت بھارت امریکہ سے  حساس دفاعی ٹیکنالوجی  حاصل کرسکے گا۔مذاکرات میں بیک وقت امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیواور وزیردفاع جیمس میٹس شریک ہوئے جبکہ بھارت کی طرف سے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج اور وزیردفاع نرملا سیٹھارامن نے حصہ لیا۔فوجی معاہدے کو کومکاساکانام دیاگیاہے جو مواصلات، کومپیٹیبیلیٹی اور سیکیوریٹی سے متعلق ہے-کومکاساکا معاہدے کے تحت دونوں ممالک بھارت اور امریکا کی افواج آپس میں رابطہ کرسکیں گی۔

معاہدے کے بعد بھارتی وزیردفاع نے کہا کہ ملاقات میں امن، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کیلیے ہرممکن طریقے سے تعاون کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات کے آغاز پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا امریکا بھارت کے عالمی طاقت کے طورپر ابھرنے کی مکمل حمایت کرتاہے-

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ سرحدی دہشتگردی روکنے کے لیے دونوں ممالک کا ایک نظریہ ہے، امریکا نے نیوکلیئرسپلائی گروپ میں بھارت کی شمولیت کیلیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو مختصر دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، افغانستان میں امن عمل اور پاکستان کے لیے امریکی امداد کی معطلی کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں