کراچی : یوم دفاع کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے گارڈز نے مزار قائد پر فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ائر وائس مارشل ندیم صابر نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ایئر وائس مارشل ندیم صابر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔
ایئر وائس مارشل ندیم صابر کا کہنا تھا ملکی دفاع پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ قوم اور افواج آج بھی 1965 کے جذبے سے سرشار ہے جو قدم ہمارے ملک کی جانب بڑھے وہ بیساکھیوں پر واپس جائیں گے۔
ادھر یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے بیس مسرور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
تقریب میں پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ بھی پیش کیا گیا۔ فلائی پاسٹ میں میراج، ایف 16 اور جے ایف 18 تھنڈر نے حصہ لیا۔ پاک فوج کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ تقریب میں شہداء کے اہل خانہ، عمائدین شہر اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔