پشاور: پشاور کے علاقہ تہکال میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ابرار خلیل کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ابرار خلیل تہکال میں جنازے میں شرکت کے بعد گھر جا رہے تھے کہ راستے میں سبحان آباد کے مقام پر موٹر سائیکل پر سوار افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ابرار خلیل اور ان کا بھانجا راشد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے کلاشنکوف کی گولیوں کے 8 خول ملے ہیں۔ حملہ آورں میں سے ایک نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا جبکہ دوسرے نے کپڑے سے منہ چھپا رکھا تھا۔
ابرار خلیل 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پی کے 74 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید نے محمد ابرار خلیل کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
شاہی سید نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ محمد ابرار خلیل اور ان کے بھتیجے راشد خلیل کی دن دہاڑے ٹارگٹ کلنگ کھلی دہشت گردی ہے۔ اے این پی رہنماؤں کو مسسلسل نشانہ بنانا سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ سے باہر کرنے کے بعد خوف زدہ عناصر ہمیں سیاست سے بھی باہر کرنا چاہتے ہیں۔ ابرار خلیل اور ان کے بھتیجے کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار اور پارٹی رہنماؤں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔