لاہور: یوم دفاع و شہداء آج ملک بھر میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یوم دفاع و شہداء کا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے صبح لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری دی۔ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی بھی دی۔ میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔
یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
ایڈمرل کلیم شوکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔
یوم دفاع و شہداء کے موقع پر کراچی کے علاقے ملیر چھاؤنی میں بھی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
تقریب کے دوران پاک آرمی کے زیرِ استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگر ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی۔