جنرل(ر)راحیل شریف کی میجر شبیر شریف کے مزار پر حاضری     

09:37 AM, 6 Sep, 2017

لاہور : یوم دفاعِ پاکستان کے سلسلے میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ہیں۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا سلسلہ جاری ہے اور شہدا کی یادگاروں پر پھول بھی چڑھائے جا رہے ہیں۔ دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے نشانِ حیدر پانے والے شہدا کے مزاروں پر خصوصی تقاریب بھی منعقد کی گئی ہیں جہاں اعلیٰ سول و فوجی حکام کے علاوہ عام لوگوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہو رہی ہے۔

1971 میں جام شہادت نوش کرکے نشانِ حیدر پانے والے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی خصوصی تقریب ہوئی جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ راحیل شریف نے شہید کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔ اس کے علاوہ میجر شبیر شریف شہید کے بیٹے تیمور اور خاندان کے دیگر افراد نے بھی شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
واضح رہے کہ میجر شبیر شریف شہید سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے، انہوں نے 1971 کی جنگ میں بھارت کے خلاف جنگ میں دشمن کے چھکے چھڑا دیے اور جام شہادت نوش کیا، جس پر انہیں سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

مزیدخبریں