حکومت کی بہترین سٹریٹجی سےکل بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی: عظمیٰ بخاری

01:15 PM, 6 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کل وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی بہترین سٹریٹجی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی کی بغاوت ناکام بنا دی گئی۔شرپسندوں کے پتھراؤ سے ایک سینئر پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ درجنوں زخمی ہیں، یہ دہشتگرد اور فسادی کہتے ہمارا احتجاج پرامن تھا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجھے افسوس ہے ان والدین پر جو اپنے بچوں کو اس فتنے کی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں، کیا خیبر پختونخوا کے لوگوں کی قسمت میں دھرنے، جلسے اور مار دھاڑ ہی باقی رہ گئے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل اور سرکاری ملازمین کے ذریعے فیڈریشن پر یلغار کی گئی، احتجاج میں کے پی   پولیس کے اہلکاروں اور افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش اور تحقیق طلب ہے۔ پنجاب کے عوام نے تحریک فساد اور اسکے ماسٹر مائنڈ کو اس مرتبہ بھی مسترد کر دیا، جو انقلاب لانے نکلے تھے اب وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے، جس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے وہ قوم کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جو بہترین معیار زندگی کی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو مل رہی ہیں وہی سہولیات کے پی کے عوام کا بھی حق ہیں، خیبر پختونخوا  کی عوام کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے ان شرپسندوں کا محاسبہ کرنا چاہیے، پاکستان جب بھی ٹریک پر آتا ہے تو ایسے فتنے رخنہ ڈالنے کیلئے باہر نکل آتے ہیں۔

مزیدخبریں