پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے بدترین تشدد کا شکار پولیس اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا

11:45 AM, 6 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہونے والا اسلام آباد پولیس کا اہلکار حمید شاہ ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق حمید شاہ 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

اسلام آباد پولیس کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ جاں بحق پولیس اہلکارکی نماز جنازہ کچھ دیربعدپولیس لائنز میں ادا کی جائےگی۔ شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ دو روز سے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقتاً وقتاً جھڑپیں بھی جاری رہیں۔ 

مزیدخبریں