اسرائیل کا لبنان پربڑاحملہ : بیروت میں بمباری سے پورا دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا

10:46 AM, 6 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

بیروت : اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ایک اور بڑا حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ 

غیرملکی میڈیا  کے مطابق بیروت میں داحیہ کے علاقے پر اسرائیلی بمباری سے پورا دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا جبکہ آگ اور بارود فضا میں بلند ہوتا میلوں دور سے دیکھا گیا۔ 

ابتدائی طورپر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسرائیل کی بمباری سے کتنے افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں تاہم کئی عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی قصبہ کریات شمونہ پر راکٹ برسا دیے،30 سے زیادہ راکٹوں کے اس حملے سے کئی مقامات پرآگ لگ گئی۔ 

اسرائیلی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے حزب اللہ کے اسلحہ ذخائر کو بھی نشانہ بنایا ہے اور لبنان کے ٹی وی المنار کا دفتر بھی تباہ کردیا ہے۔ دوسری جانب شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی سرگرمیوں سے متعلق ادارے کے دفتر پر بھی گولہ باری کی گئی ہے جس سے کئی افراد شہید اورزخمی ہوئے ہیں۔ 

غزہ ہی میں الزیتون اور الصابرہ محلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے 37 افراد شہید ہوگئے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے بیروت کے جنوب میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید بمباری کی جا رہی ہے۔

 لبنانی وزارت صحت کے مطابق اس کے بعد سے تقریباً 2 ہزار افراد لبنان میں ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر 23 ستمبر کے بعد سے ہلاک ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں