کچے میں پولیس کی کارروائی ، سابق ایس ایچ او ماچھکہ کی شہادت میں ملوث دو ڈاکو ہلاک ہوگئے

کچے میں پولیس کی کارروائی ، سابق ایس ایچ او ماچھکہ کی شہادت میں ملوث دو ڈاکو ہلاک ہوگئے

رحیم یار خان: پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کا کچہ ماچھکہ کے علاقے موضع سکندر چاچڑ میں انٹیلجنس  بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ سب انسپکٹر رانا رمضان کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکو سرمد بھائیو اور ساجن ملوکانی کو ہلاک کر دیا۔


ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کر دی تھی  فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو دہشت گردی سمیت جرائم کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے ان سے  کلاشنکوف سمیت سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔

 ترجمان کا کہنا ہے کہ  آپریشن میں ایس ایچ او ماچھکہ جام اعجاز ،ایس ایچ او بھونگ نوید واہلہ ،انچارج سی آئی اے سیف اللہ ملہی کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ، نائٹ ویژن ٹیلی سکوپس اور ایلیٹ کمانڈوز کی مدد حاصل تھی۔

ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا مقابلے کے دوران ہلاک ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کماد کی فصل سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔


آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا  کہ کچہ کریمنلز کے خلاف پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا  اور اس ایریا کو ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر کے دم لیں گے۔

مصنف کے بارے میں