حیدر آباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان کے بیٹنگ لائن فلاپ ہوگئی ہے۔ محمد رضوان ، شان مسعود کے علاوہ کوئی بلے باز اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ آل راؤنڈرز شاداب خان 32 اور محمد نواز 39 رنز بناسکے۔ نیدر لینڈ کو فتح کیلئے287 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم پورے اوورز بھی نہیں کھیل سکی اور 49 اوور میں ہی آؤٹ ہوگئی۔
بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جب فخر زمان 12 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 8.3 اوورز میں 34 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 9.1 اوورز میں 38 رنز پر گری جب امام الحق بھی 15 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔
میچ میں 38 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی اور اس دوران دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 28.1 اوور میں 158 رنز پر گری جب سعود شکیل 68 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل نے اپنی اننگز کے ذریعے ٹیم کو سہارا دیا اور اس دوران انہوں نے 52 گیندیں کھیلیں اور اپنی اننگ میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔