اسلام آباد : پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں آج بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور ایک ڈالر کی قیمت میں کاروبار کے آغاز پر 87 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 282.62 روپے کی سطح تک گر گئی۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کا بھاؤ 2 روپے سستا ہو کر 282 روپے رہا۔ اس طرح انٹر بینک میں ایک ماہ میں ڈالر تقریباً 25 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 51 روپے سستا ہوا ہے۔
روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل ایک مہینے سے کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کی وجہ ملک میں ڈالر سمگلنگ، ڈالر کی گرے مارکیٹ کے خلاف کارروائی اور ایکسچینج کمپنیوں کے ضوابط میں مزید بہتری ہے۔
ان اقدامات کے بعد ایک ڈالر کی قیمت میں ایک مہینے میں اب تک 24.48 روپے کی کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے جب ایک مہینے قبل انٹر بینک میں ایک ڈالر کی قیمت 307 روپے کی حد عبور کر گئی تھی اوراوپن مارکیٹ میں ڈالر 333 تک پہنچ گیا تھا۔