اسلام آباد: صدر مملکت نے کہا ہے کہ سیلاب سے متعلق اقدامات پر افواج پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں ، سرکاری اداروں ، فلاحی تنظیموں نے بھی کام کیا ہے۔ سیلاب سے نمٹنے پر افواج اور موجودہ حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب سے ہونے والی تباہی سے دنیا آگاہ ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کیا اور اپنے احساسات سے دنیا کو آگاہ کیا اور امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی انہی ا احساسات کا اظہار کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آج سیلاب ہے۔ گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد بھی نہیں۔ میں تعلیم کےحوالے سے توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ مساجد میں بھی سکول کی تعلیم دی جا سکتی ہے۔ پاکستان میں 2 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ۔ نیدر لینڈ پاکستان سے 19 فیصد چھوٹا ملک ہے لیکن دنیا بھر میں فوڈ ایکسپورٹر ہے۔ ہمیں بھی زراعت میں ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔