اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان جب حکم کرے گا پنجاب حکومت پوری قوت کے ساتھ لانگ مارچ میں شرکت کرے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ کے وقت جوکہیں گے اس پرعمل کریں گے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اپنے ارد گرد دیکھ لیں کہ کس کی حکومتیں ہیں۔ پنجاب عمران خان کا اپنا ہے۔خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی عمران خان کا اپنا ہے۔لانگ مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کھڑے ہونےکی جگہ بھی نہیں ملے گی۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے معصوم خواتین اور بچوں پر گولیاں چلائیں۔ رانا ثناء اللہ کا اعترافی بیان اسمبلی میں موجود ہے جو ہم بطور ثبوت عدالت کو دینے جا رہے ہیں۔ وہاں پہ اس نے یہی کہا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بن رہی تھی، ہم نے اور بھی کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سمجھتے تھے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ہم نے مایہ ناز وکلاء، سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انہیں سزائیں ہوں گی۔