ریپ کے الزامات پر سندیپ لامی چانے وطن پہنچتے ہی گرفتار 

03:51 PM, 6 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

کھٹمنڈو: ریپ کے الزام کا سامنا کرنے والے نیپالی کرکٹر سندیپ لامی چانے کو وطن پہنچتے ہی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان 22 سالہ سندیپ لامی چانے عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد وطن واپس پہنچے تھے۔ 
سندیپ لامی چانے پہلے ہی زیادتی کا الزام مسترد کرچکے ہیں اور مقامی پولیس کے مطابق کرکٹر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے لکھا تھا کہ وہ الزامات کا سامنا کرنے واپس نیپال جا رہے ہیں۔
سندیپ لامی چانے نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ تحقیقات کے تمام مراحل میں مکمل تعاون کروں گا اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے قانونی جنگ لڑوں گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ 8 ستمبر کو عدالت کی جانب سے وارنٹ جاری ہونے کے بعد سندیپ لامی چانے سے نیپال کرکٹ ٹیم کی کپتانی واپس لے لی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق 17 سالہ لڑکی نے سندیپ لامی چانے پر کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل میں زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے جس پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے اور اب وہ تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں