اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بحران کا نوٹس لے لیا ہے جس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) رہنماﺅں کو آج مذاکرات کیلئے بلا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپٹما رہنماؤں کا وفد گوہر اعجاز کی سربراہی میں آج اسلام آباد پہنچے گا اور شام 4 بجے حکومتی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، پاور ڈویژن اور وزارت خزانہ کے افسران پر مشتمل وفد کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا تھا کہ ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں گوہر اعجاز نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 9 سینٹ فی یونٹ بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا جس کے باعث انڈسٹری بند ہونے کی نہج پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی 50 فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 9 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو پر گیس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ صوبے میں نئی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مسابقتی نرخوں پر گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔
وزیراعظم نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بحران کا نوٹس لے لیا
03:07 PM, 6 Oct, 2022