اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کی تیاریاں شر وع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ لانگ مارچ کی وجہ سے پیشگی اقدامات شروع ہو گئے یہیں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فیض آباد پر کنٹینرز پہنچادئیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے فی الحال لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیاگیا ہے تاہم پی ٹی آئی نے کارکنان کو لانگ مارچ کی تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو کسی صورت بھی اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے شرکاءکی تعداد 15 سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے جبکہ امن و امان یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس، سندھ پولیس، رینجرز اور ایف سی کی خدمات لی جائیں گی۔
اجلاس میں لانگ مارچ کو لاجسٹک اور مالی معاونت دینے والی تنظیموں کے خلاف ایکشن کی منظوری بھی دی گئی جبکہ لانگ مارچ کی صورت میں آتشیں اسلحہ رکھنے پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پیشگی تیاریاں شروع
11:03 AM, 6 Oct, 2022