اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈبینک کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئندہ ہفتے واشنگٹن جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ’انسٹیٹیوشنز ووڈ بریٹن‘ کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کریں گے اور 10 سے 16 اکتوبر کے دوران سائید لائنز پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک سے اہداف پر نظر ثانی کی با ضابطہ درخواست کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان رواں مالی سال 23-2022ءکیلئے میکرو اکنامک فریم ورک پر نظرثانی کیلئے باضابطہ درخواست کرے گا جبکہ بڑھتی مہنگائی، جی ڈی پی کی شرح نمو میں کمی، بجٹ خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے اہداف میں نرمی کی درخواست بھی کی جائے گی۔
اعلیٰ پاکستانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) سے منسلک شرائط نرم کرنے کی درخواست بھی کی جائے گی جس میں اگلے چند ماہ کیلئے پیٹرولیم لیوی اور بجلی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا انجماد بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق میکرو اکنامک فریم ورک پر نظر ثانی کی درخواست سیلاب سے ہونے والی شدید تباہی کے باعث کی جائے گی، کیونکہ پاکستان کی مشکلات سے دوچار معیشت کیلئے 30 ارب ڈالرز سے زائد کی تعمیراتی لاگت درکار ہے۔