مہنگائی سے متعلق وزیر اعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ،رعا یتی اشیا کیلئے ایپ تیار

06:47 PM, 6 Oct, 2021

اسلام آباد:ویراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے کہا حکومت مہنگائی کے غریبوں پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ ہے،حکومت غریب عوام کو سہولت دینے کیلئے مختلف پروگرامز متعارف کروا رہی ہے تاکہ بہتر سہولیات دی جائیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے کے غیر مراعات یافتہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے، کامیاب پاکستان ، صحت سہولت کارڈ اور احساس حکومت کے اہم پروگرام ہیں جن کا مقصد غربت کے خاتمے اور معاشرے کے نچلے طبقات کی سماجی ترقی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ ایک جامع آگاہی پروگرام کے تحت عوام کو آگاہ کیا جائے کہ ہدف شدہ سبسڈی کیسے حاصل کی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری ،معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل ، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر ، صدر نیشنل بینک اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو احساس پروگرام کے تحت اہل خاندانوں کو ہدف بنائی گئی سبسڈی پر بریفنگ دی ،انہوں نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت ہدف شدہ سبسڈی کے غلط استعمال کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے مناسب احتیاط برتی گئی ہے۔

احساس پروگرام نے نیشنل بینک آف پاکستان کے اشتراک سے ایک موبائل ایپ تیار کی ہے، یہ ایپلیکیشن دکاندار ملک بھر میں اہل احساس مستحقین کو رعایتی اشیاء فراہم کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔

مزیدخبریں