کراچی: کامیڈی کنگ عمرشریف کی تدفین حضرت عبد اللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کر دی گئی جبکہ ان کی نماز جنازہ کلفٹن میں ادا کی گئی جس میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
لیجنڈری اداکار عمرشریف کا جسد خاکی آج کراچی پہنچایا گیا تھا جن کی نمازہ جنازہ کے بعد تدفین حضرت عبد اللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی گئی ہے جبکہ تدفین میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قبل ازیں عمر شریف کی میت جرمنی سے کراچی پہنچائی گئی تھی ، جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا تھا۔ لیجنڈ اداکار کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے ادا کی گئی۔
مداحوں کی جانب سے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی نمازہ جنازہ ادائیگی کے انتظامات مکمل ہیں، عمر شریف کے ورثا سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہرممکن مدد کریں گے، اداکار دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں نمایاں رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش ہے ان کے اہل خانہ کو سہولیات دیں جبکہ عمر شریف کے نام سے کسی ادارے کو بھی منسوب کیا جائے گا۔