ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے سفری پابندی والے ممالک کے تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کو مملکت میں داخلے کی اجازت دیدی ہے اور اس حوالے سے ائیرلائنز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
سعودی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے سفری پابندی والے ممالک کے تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کو مملکت میں آنے کی اجازت دیدی ہے اور اس اجازت کے ملنے کیساتھ ہی فیکلٹی ممبران اور تعلیمی شعبے سے منسلک افراد براہ راست سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے اساتذہ اور سکالر شپ لینے والے طلبہ کو بھی مملکت میں داخلے کی اجازت دیدی ہے جبکہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں سے وابستہ افراد کو بھی آنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن نے فضائی کمپنیوں کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد اہل خانہ کے ہمراہ بھی سعودی عرب کا سفر کرسکتے ہیں اور مکمل ویکسی نیشن پر وہ قرنطینہ سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔
مراسلے کے مطابق وہ افراد جنہیں ویکسین کی ایک خوراک لگی ہے، کو قرنطینہ کی شرط پر عملدرآمد کرنا ہو گا اور اس کے علاوہ سعودی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے ایس او پیز پر بھی عمل کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث پاکستان، بھارت ، ، انڈونیشیا ، مصر ، ترکی ، برازیل، ایتھوپیا، ویت نام، افغانستان اور لبنان پر سفری پابندیاں عائد ہیں۔
سعودی عرب جانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری
03:27 PM, 6 Oct, 2021