پاک فوج میں اعلیٰ سطح کے تقرر و تبادلے، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

02:58 PM, 6 Oct, 2021

راولپنڈی: پاک فوج میں اعلیٰ سطح کے تقرر و تبادلے کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقاتیں بھی کیں۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کئے گئے ہیں اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے۔ 
لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کئے گئے ہیں جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کئے گئے ہیں۔ میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں پاک فوج کے ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ 
ڈی جی آئی ایس آئی تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کور کمانڈر کراچی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کا تعلق پنجاب رجمنٹ اور 78 ویں لانگ کورس سے ہے جبکہ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں کمانڈنٹ بھی رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) بھی رہے جبکہ انہوں نے برطانیہ کے کمبائنڈ آرم سینٹر سے کورس کرنے کیساتھ ساتھ لندن کے کنگز کالج اور این ڈی یو سے ماسٹر کی ڈگری لی۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم مغربی بارڈر اور ایل او سی پر کمانڈ کرنے کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔ آپریشن ردالفساد کے دوران لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم آئی جی ایف سی بلوچستان رہے جبکہ جنوبی وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے آپریشن ردالفساد کے دوران کرم اور ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی جبکہ پی ایم اے، سٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے۔ 
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی جس دوران ملک کی اندرونی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ بارڈرز کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ 
ذرائع کے مطابق کور کمانڈر پشاور تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی وزیراعظم پاکستان عمران خان سے الوداعی ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کی تعریف کی اور ان کی نئی پوسٹنگ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں