لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی مرحومہ اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی بھی کورونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مرحومہ کلثوم نواز کی جعلی انٹری گزشتہ روز 5 اکتوبر کو کی گئی۔ اس جعلی انٹری کے مطابق مرحومہ کو عالمی وبا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی دونوں ڈوز لگ چکی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ان کے شوہر میاں نواز شریف کی بھی جعلی انٹری کر دی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم کی پہلی جعلی انٹری کوٹ خواجہ سعید ہسپتال جبکہ دوسری نارروال کے ایک پرائمری سکول میں بنائے گئے عارضی ویکسی نیشن سینٹر میں کی گئی تھی۔
میاں نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن اندراج کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایم ایس سمیت کئی افسران اور ملازمین کو معطل کرکے اس واقعے کی انکوائری شروع کر دی تھی لیکن یہ سلسلہ نہ رکا اور نارروال میں بھی ایسا ہی پیش آیا اور اب مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی بھی کورونا ویکسی نیشن کا جعلی اندراج کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے آئے روز ایسے واقعات رونما ہونے پر پی ٹی آئی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ایک چیز واضح ہے کہ اس کے پیچھے ن لیگ کے اپنے لوگ ہی ملوث ہیں۔